راولپنڈی پولیس کا ٹیلی فون ایکسچینج 2سال بعدبھی غیر فعال

November 23, 2020

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)راولپنڈی پولیس کا ٹیلی فون ایکسچینج 2سال بعدبھی بحال نہ ہوسکا جس سے عوام کوشدیددقت کاسامناکرناپڑرہا ہے۔ کسی افسرسے رابطہ کرنا یاپولیس سٹیشن اوردفترکے نمبر لینے کیلئے عوام کوشدیددشواری کاسامناہے۔ جنگ کی جانب سے رابطہ کرنے پر انچارج پولیس ایکسچینج ٹی سب انسپکٹرعمران نے بتایاکہ راولپنڈی پولیس کاٹیلی فون ایکسچینج 4جنوری 2019سے بندکردیاگیا تھا ، ایکسچینج پراناہونے کی وجہ سے کام نہیں کررہاتھاجس کی وجہ سے اسے بندکردیاگیا ، انہوں نے بتایاکہ اب تقریباً تین ماہ سے راولپنڈی پولیس نے اپنا یونیورسل نمبر 051111276797متعارف کرایاہے جو راولپنڈی پولیس کی آفیشل ویب سائٹ پردیکھاجاسکتاہے ۔مذکورہ یونیورسل نمبرپررابطہ کرکے راولپنڈی پولیس سے متعلق کوئی بھی فون نمبر لیاجاسکتاہے ۔یہاں یہ امرقابلِ ذکرہے کہ پبلک ڈیلنگ سے متعلق اتنے اہم محکمہ تک رسائی کے لئے جویونیورسل نمبرمتعارف کرایاگیاہے اس کے بارے عوام تودورکی بات خودپولیس ملازمین کی اکثریت کوبھی کوئی معلوما ت نہیں جس کاواضح ثبوت یہ ہے کہ آپ سی پی اودفترسمیت کسی بھی پولیس افسرکے آفس نمبرپررابطہ کرکے پولیس ایکسچینج کانمبرپوچھ لیں آپ کویہی جواب ملے گاکہ ایکسجینچ خراب ہے ،کوئی آپریٹریادستیاب اہل کارآپ کویونیورسل نمبر بارے آگاہ نہیں کرے گا۔ضرورت اس امرکی ہے کہ فوری طورپرراولپنڈی پولیس کاٹیلی فون ایکشچینج بحال کرایاجائے ،یا پھریونیورسل نمبر کی مناسب تشہیرکی جائے تاکہ عام آدمی کوپولیس سے رابطہ میں کسی قسم کی دشواری کاسامنانہ کرناپڑے۔