نیتن یاہو کا دورہ، اسرائیل نے سعودیہ کو قرنطینہ ممالک کی فہرست سے نکال دیا

November 25, 2020

نیتن یاہو کا دورہ، اسرائیل نے سعودیہ کو قرنطینہ ممالک کی فہرست سے نکال دیا

اشمقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی /جنگ نیوز )اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے مبینہ دورہ سعودی عرب کے بعد اسرائیل کی وزارت صحت نے سعودی عرب کو قرنطینہ ممالک کی فہرست سے نکال کر کورونا وائرس کی سبز لسٹ میں شامل کر لیا۔

اس فہرست میں ان ممالک کو شامل کیا گیا ہے جہاں سے واپس آنے والے افراد کو قرنطینہ میں نہیں رہنا پڑتا۔

اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی وزارت صحت نے تصدیق کی کہ سعودی عرب کو ایک روز قبل محفوظ ممالک والی فہرست میں شامل کر لیا گیا تھا تاہم اس کا بینجمن نیتن یاہو کے دو روز قبل سعودی شہر نیوم کے مبینہ دورے سے تعلق ہونے کی نفی کی۔

اسرائیلی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل ہیزی لیوی نے بتایا کہ ʼیہ عمل بہت سادہ ہے جو ہر دو ہفتے بعد ایک بار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلی فہرست میں سعودی عرب سرخ ممالک میں شامل تھا تاہم اب وہاں مریضوں کی تعداد میں کمی آرہی ہے اس لیے اسے اب سبز ممالک میں شامل کرلیا گیا ہے اور اس کا کسی بھی ملک میں کسی کے بھی دورے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔