عمر رسیدہ شہریوں کے سبزی منڈی میں داخلے پر پابندی، ماسک لازمی قرار

November 25, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث سندھ حکومت نے صوبےکی تمام سبزی منڈیوں میں عمررسیدہ شہریوں کے سبزی منڈی میں داخلے پر پابندی اور ماسک لازمی قرار دے دیدیا۔ منگل کو جاری کردہ بیان میں وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ عمررسیدہ شہریوں کی سبزی منڈی میں داخلہ پر پابندی اور ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا دے دیا ہے۔ تمام سبزی منڈیوں میں بغیر ماسک کے آمد پر بھی پابندی ہوگی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈائریکٹر مارکیٹ کمیٹی، ائڈمنسٹریٹرز اور چئیرمینوں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ نیلامی اور خرید و فروخت کے تمام مراحل میں ایس اوپی پیز پرمکمل عمل کیا جائے۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ سبزی منڈی میں رش کم کرنے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے ایک شخص کو داخلہ کی اجازت ہوگی۔تمام سبزی منڈیوں کے مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمینز کو گیٹ پر سینیٹائزر مشینیں نصب کرنے کا بھی حکم جاری کردیا ہے جس سبزی منڈی میں ایس او پیز پر عمل نہیں ہوگا اسے بند کردیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سبزی منڈیوں کے اندر آڑتھیوں اور دکانداروں کو بھی ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔