افغانستان ،12ارب ڈالر کی عالمی امداد

November 26, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) عالمی برادری نےافغانستان پُر امن ترقی و تعمیر نو کے لیے بارہ ارب امریکی ڈالر کی امداد کا وعدہ کیا ہے۔ جنیوا میں منعقدہ ورچوئل افغان ڈونر کانفرنس کے دوران فن لینڈ کی حکومت نے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ رقوم اگلے چار برسوں میں جنگ زدہ ملک افغانستان کو فراہم کی جائیں گی، افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں تعینات جرمن فوج کی منتقلی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق عالمی برادری نےافغانستان کیلئے امداد کا اعلان کرتےہوئے ملک میں فوری طور پر مکمل اور پائیدار سیز فائر کا بھی مطالبہ کیا ۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے سن 2021 کے لیے افغانستان کو 430 ملین یورو کی امداد کا وعدہ کیا ہے تاہم جرمن وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ جرمنی اپنا یہ وعدہ اس شرط پر پورا کرے گا کہ کابل حکومت ملک میں جمہوریت، قانون کی بالادستی اور عمدہ حکمرانی کے نفاذ کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے خاتمے اور انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنائے۔