جناح اسپتال میں ڈاکٹروں کی غیر قانونی تعیناتی، فریقین کو نوٹسز جاری

November 26, 2020

سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے جناح اسپتال میں سندھ حکومت کی جانب سے ڈاکٹروں کی مبینہ غیرقانونی تعیناتی کے معاملے پر سندھ حکومت، سیکریٹری صحت، ڈاکٹر سیمی جمالی، وفاقی حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے۔

عدالتِ عالیہ نے ڈاکٹر نازش بٹ اور دیگر کی درخواست پر فریقین سے 4 ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔

درخواست گزار کےوکیل نے عدالت کو بتایا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد سپریم کورٹ نے جناح اسپتال کا انتظام وفاق کے سپرد کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سندھ حکومت جناح اسپتال میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ اندرونِ سندھ کے لیے بھرتی ڈاکٹروں کو جناح اسپتال میں تعینات کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ جناح اسپتال میں من پسند ڈاکٹروں کی تعیناتیوں سے عملے میں اضطراب پایا جاتا ہے۔