بنکوں سے قرضوں کے حصول کے طریقہ کارپر سیمینار

November 27, 2020

پشاور (لیڈی رپورٹر)پشاور چیمبرآف سمال ٹریڈ اینڈ سمال انڈسٹری نے سٹیٹ بنک آف پاکستان کے اشتراک سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائیز کی ڈویلپمنٹ کی ترقی کے لئے کمرشل بنکوں سے قرضوں کے حصول کے طریقہ کارآسان بنانے کیلئے ایف پی سی سی آئی کانفرس روم میں سیمینار کا اہتمام کیا جس میں نجی کمرشل بنکوں نے قرض وصولی کے مختلف سکیموں سے بزنس کمیونٹی کو آگاہ کیا جبکہ انہیں کسی قسم کی شکایات کی صورت میں سٹیٹ بنک سے براہ راست رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔ سیمینار سے سٹیٹ بنک کے ڈپٹی چیف منیجر عابدحسین، عبداللہ سمیت دیگر نجی بنکوں کے منیجرز نے صنعت وتجارت کے لئے قرضہ کے حصول کے طریقہ کار پر بزنس کمیونٹی کو بریفنگ دی سیمینار میںمرکزی تنظیم تاجران صدر ملک مہر الٰہی ،پشاور چیمبرصدر محمد عدنان جلیل،،سینئر نائب صدر رحمان گل،،نائب صدر عرفان شنواری اور پشاور چیمبر کے ایگزیکٹیو ممبران کے علاوہ رامپورہ گیٹ کے صدروحید خان، ریتی بازار کے صدر ملک انعام سمیت دیگر صدوراور جنرل سیکرٹریزنے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار میں بزنس کمیونٹی کے عہدیداروں نے نجی کمرشل بنکوں کی جانب سے صوبے میں لینڈنگ نہ کرنے، چھوٹے نوٹ نہ لینے، ایک کروڑ روپے سے زائد رقم دوسرے صوبوں کو ٹرانسفر کرنے میں ٹال مٹول سے کام لینے اور ایکسپورٹ کے لئے ڈالرجمع کرنے میں مسائل سے سٹیٹ بنک حکام کو آگاہ کیا۔ سٹیٹ بنک حکام نے بزنس کمیونٹی کو ہدایات کی کہ بنکوں سے شکایات کی صورت میں سٹیٹ بنک ریجنل آفس پشاور کے نمبر091-9211976پر براہ راست شکایات درج کرائے۔