کراچی: ڈیفنس میں مبینہ پولیس مقابلہ، 5 ملزمان ہلاک

November 27, 2020

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں آج صبح سویرے مبینہ پولیس مقابلے میں 5 ملزمان ہلاک ہو گئے۔

گزری تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر آغا معشوق کے مطابق ڈیفنس فیز 4 میں یسرب امام بارگاہ کے قریب ایک بنگلے میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس پہنچی تو ملزمان نے اس پر فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جانب سے کی جانے والی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 5 ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان اس علاقے میں ڈکیتی اور راہزنی کی کافی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت بھی ملزمان ایک واردات کے لیے وہاں پہنچے تھے کہ پولیس کو مشکوک صورتِ حال کا علم ہوا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایک ڈبل کیبن گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے۔

مقابلے میں مارے گئے ان پانچوں ملزمان کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

ہلاک ہونے والے 3 ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے، جن میں سے عابد اور غلام مصطفیٰ کا تعلق پنجاب کے شہر بہاولپور سے جبکہ محمد ریاض کا تعلق ملتان سے تھا۔