کورونا کے پیش نظر 3 تا 6 دسمبر عالمی اردو ڈیجیٹل کانفرنس ہوگی

November 29, 2020

کراچی( اسٹاف رپورٹر)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ عالمی اردو کانفرنس کا تیرہواں ایڈیشن 3 سے6 دسمبر تک کورونا وبا کے پیش نظر ڈیجیٹل کانفرنس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس بات کا اعلان صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے ایک پریس کانفرنس کے زریعہ کیا پریس کانفرنس میں سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز احمد فاروقی، خازن قدسیہ اکبر اور منور سعید کے ہمراہ اراکین گورننگ باڈی کی بڑی تعداد موجود تھی۔احمد شاہ نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر ”تیرھویں عالمی اُردو کانفرنس“ کا انعقاد محدود کردیاگیا ہے، کانفرنس زیادہ تر ڈیجیٹل ہوگی، لوگ کانفرنس میں بالواسطہ شریک نہیں ہوسکیں گے ، جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگ اس کانفرنس کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر براہ راست دیکھ سکیں گے۔ بیرونِ ممالک مقیم ادیب ویڈیولنک کے ذریعے اُردو کانفرنس میں شریک ہوں گے۔