ٹائیگر فورس میں حفاظتی کٹس پولیو ورکرز میں تعریفی اسناد تقسیم

November 29, 2020

لاہور(خصوصی رپورٹر)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے پارٹی سیکرٹریٹ میں ٹائیگرفورس اور ٹاؤن شپ میں پولیو ورکرزکے اعزاز میں منعقدہ تقریبا ت میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، اعجازاحمدچوہدری نے ٹائیگرز فورس میں حفاظتی کٹس اور پولیو ورکرز میں تعریفی اسناد تقسیم کیں، تقریبات سے اعجازاحمدچوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت پولیو ورکرز اور ٹائیگرز فورس کے نوجوانوں کی خدمات کو سراہتی ہے، ملک سے پولیوکے خاتمے کے لئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، ہم سب پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لئے کردار ادا کریں اور پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کریں، انہوں نے کہاکہ ٹائیگرزفورس کے نوجوان وزیراعظم عمران خان کے وژن پر عمل پیراء ہیں اور ملک وقوم کے لئے ان کی خدمات قابل تعریف ہیں، ٹائیگرز فورس کے نوجوان کورونا وباء کے حوالے سے بھی عوام میں شعور بیدار کرنے میں پیش پیش ہیں اور اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر عوام کی جانوں کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں اعجازاحمدچوہدری نے ملتان میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی غنڈہ گردی اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی شدید الفاظ میں مذمت کی،اپوزیشن ملک میں کورونا پھیلنے کی ذمہ دار ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ اپوزیشن جو مرضی حربہ استعمال کرلے ان کو این آر کسی صورت نہین ملے گا، تقریبات میں ڈاکٹر مصباح ظفر، علی رضانقوی، میاں ثاقف محبوب، چوہدری ندیم اصغر جنجوعہ،عارف بلوچ، سردار شبیر، مظفرشاہ، بلال حسین، مرزا محسن، نویداحمد، حافظ شہباز، شمیم اختر سمیت بڑی تعداد میں ٹائیگرز اور پولیوورکرز نے شرکت کی۔