کریم بلاک انڈر پاس اور فلائی اوور تعمیر کی تجویز ،ڈیزائن آخری مراحل میں

November 29, 2020

لاہور(خصوصی رپورٹر)ایل ڈی اے نے 2 ارب30 کروڑ لاگت کے ایک اور میگا پراجیکٹ کریم بلاک انڈر پاس اور فلائی اوور کی تجویز دیدی۔ کریم بلاک انڈر پاس کا ڈیزائن تیاری کے آخری مراحل میں داخل، ایل ڈی اے وزیراعلیٰ پنجاب کو میگا پراجیکٹ کی بریفنگ دے گا ۔ذرائع کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انجینئرنگ ونگ نے اس سے قبل بھی وحدت روڈ پر انڈر پاس کی تجویز دی تھی، موجودہ تجویز نمبر ایک میں انڈر پاس کی تعمیر پر ایک ارب 80 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ انڈر پاس کی بیرل اعشاریہ 6کلومیٹر جبکہ لمبائی ایک کلومیٹر ہوگی۔2رویہ تین تین لین انڈر پاس پر8 کنال لینڈ ایکوزیشن کی جائے گی ۔ کریم بلاک چوک پر فلائی اوور کی دوسری تجویز کا تخمینہ پر2 ارب30 کروڑ روپےلگایا گیا ہے۔دوسری تجویز میں انڈر پاس کے ساتھ ایک کلومیٹر طویل فلائی اوور شامل ہوگا۔فلائی اوور ملتان چونگی کی جانب سے جناح ہسپتال کی جانب اترے گا۔ ایل ڈی اے نے وزیراعلیٰ پنجاب کو دی جانے والی میگا پراجیکٹ کی بریفنگ میں مجوزہ منصوبہ شامل کرلیاہے۔ پراجیکٹ پر باقاعدہ کام وزیراعلیٰ کی منظوری سے مشروط ہوگا۔ ایل ڈی اے اور نیسپاک نے مشترکہ سٹڈی میں دونوں پروپوزلز تیار کی ہیں۔