نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرکے تقدیر بدلیں گے، میاں اسلم اقبال

November 29, 2020

لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے ہیڈآفس کا دورہ کیا - چیئرمین پی وی ٹی سی میجر شاہنواز بدر ریٹائرڈ نے ادارے کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے بریفنگ دی اور ادارے کے تنظیمی ڈھانچے، انتظامی، مالی اموراور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا -، صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرکے قوم کی تقدیر بدلیں گے -پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل اہداف طے کرکے ان کا حصول یقینی بنائے، صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ کورسز کو عصر حاضر کے تقاضوں، جدید ٹیکنالوجی اور انڈسٹری کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے اور انڈسٹری کی ضروریات جانے کے لئے انڈسٹری سے مسلسل رابطہ رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے اداروں کو ایک چھتری تلے لانے کے لئے پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، میاں اسلم اقبال نے ہدایت کی کہ پی وی ٹی سی کے اداروں میں گنجائش کے مطابق طلبہ و طالبات کی انرولمنٹ یقینی بنائی جائے، اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ پنجاب بھر میں پی وی ٹی سی کے 208اداروں میں ہر سال 40ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو 65ٹریڈزمیں تربیت دی جاتی ہے، قبل ازیں صوبائی وزیر نے چئیرمین پی وی ٹی سی کے ہمراہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گرین ٹاون کابھی دورہ کیا، کلاس روم اور لیبز کا معائنہ، ہنر سکھانے کے عمل کا جائزہ لیا -صوبائی وزیر نے ہنر سیکھنے والے طلبہ و طالبات سے انکی تعلیمی سرگرمیوں بارے دریافت کیا -صوبائی وزیر نے شجر کاری مہم کے حوالے سے وی ٹی آئی کے لان میں پودا بھی لگایا ۔