رینج روڈ اور شالے ویلی کی مین سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار

November 29, 2020

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) شالے ویلی کی مین سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ کئی حادثات کے باوجود کنٹونمنٹ حکام کی غفلت اور نااہلی دور نہ ہو سکی۔ مکینوں کے بار بار شکایات کے باوجود سڑک پر موجود گڑھوں کو بھی نہیں بھرا گیا جبکہ ویلی کے اندر گلیاں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ مین سڑک پر نالے کے قریب سڑک کھنڈر بن چکی ہے جبکہ کچھ لوگوں نے پانی کے پائپ لائن کیلئے سڑک کو کھود کر اسی طرح چھوڑ دیا ہے جس کا نوٹس لیا جانا چاہئے۔ کنٹونمنٹ حکام کی توجہ کئی بار دلائی گئی کہ سڑک پر پڑنے والے گڑھوں کو بھر دیا جائے تو کئی گاڑیاں حادثات سے بچ سکتی ہیں اور انسانی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے مگر کنٹونمنٹ بورڈ کے ذمہ داران اس جانب توجہ نہیں دے رہے۔ مکینوں نے سٹیشن کمانڈر اور سی ای او سے مطالبہ کیا ہے کہ ازخود مذکورہ علاقوں کا دورہ کریں اور رینج روڈ سمیت شالے ویلی مین روڈ کی تعمیر کے احکامات جاری کر کے خلق خدا کی دعائیں لیں۔