برطانیہ: ملکہ کی تخت نشینی کی 70ویں سالگرہ پر شجرکاری مہم کا فیصلہ

November 29, 2020

برطانیہ کی ملکہ الزبیتھ کی تخت نشینی کی 70ویں سالگرہ منانے کے حوالے سے برطانوی شہریوں کی جانب سے شجرکاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، اس منصوبے کا مقصد ملک کو سرسبز و شاداببنا کر ملکہ الزیبتھ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

94 سالہ الزیبتھ ثانی برطانوی تاریخ کی طویل ترین عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ ہیں جو اب بھی اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں، یاد رہے کہ ان کی پلاٹینم جوبلی فروری 2022 میں منائی جائے گی۔

حکومت برطانیہ نے اس حوالے سے اتوار کو جو اعلان کیا اس کے مطابق 2022 کے موسمِ گرما میں چار روزہ تقریبات منائی جائے گی، جس میں ایک اضافی عوامی تعطیل اور اس سنگ میل کی تکمیل کے سلسلے میں شجرکاری بھی شامل ہوگی۔

چیئرٹی کی بنیاد پر ہونے والے اس پروجیکٹ کو ’دی کوئن کینوپی‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس کا مقصد کمیونیٹیز، اسکولز، کونسلز اور زمین داروں کی مقامی درخت لگانے کے لیے حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ ماحول کی بہتری کے ساتھ مقامی علاقوں کو سرسبز و شاداب بنایا جاسکے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اس حوالے سے کہا کہ موجودہ وبائی بحران نے لوگوں میں ماحول اور سرسبزی اور درختوں کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے اور اس سے درختوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ماحول کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

انھوں نے کہا کہ ہم ملکہ برطانیہ کی شاہی ذمہ داریاں سنبھالنے کی 70ویں سالگرہ منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں تو میں تمام شہریوں کی شجرکاری کے سلسلے میں حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان سے کہوں گا کہ وہ ایک درخت لگاکر پلاٹینم جوبلی منائیں۔

یاد رہے کہ ملکہ برطانیہ اپنے والد شاہ جارج ششم کے انتقال کے بعد 6 فروری 1952 کو سریرائے سلطنت ہوئی تھیں۔