نیوزی لینڈ میں سیمنگ وکٹوں کی توقع، زیادہ محنت کرنا ہوگی، اظہر

November 30, 2020

کراچی(عبدالماجد بھٹی/اسٹاف رپورٹر)اسد شفیق کو نیوزی لینڈ کے دورے سے ڈراپ کرنے کے بعد اب پاکستانی بیٹنگ کا زیادہ تر بوجھ اظہر علی کے کاندھوں پر ہے۔ انہوں نے اپنے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف سنچری بنائی لیکن نیوزی لینڈ کے دورے میں انہیں قیادت سے محروم کردیا گیا۔ اس کے باوجود اظہر علی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی جیت میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بطور سینئر ٹیم کی کارکردگی میں اہم کردار ادا کرنا ہدف ہے۔ اتوار کو جنگ کو انٹرویو میں اظہر علی نے کہا کہ وہ نیوزی لینڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ وہ موجودہ ٹیم میں ایک سینئر کرکٹراور اس ذمہ داری سے بخوبی واقف ہیں۔ دائیں ہاتھ کے35 سالہ اظہر علی81 ٹیسٹ میں17سنچریوں کی مدد سے6129 رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے برعکس نیوزی لینڈ کی ٹیم اب ایشین ٹیموں کی آمد پر بولنگ پچز بناتا ہے، لہٰذا ہمیں زیادہ محنت کرنی ہوگی، نیوزی لینڈ کی موجودہ ٹیم بہترین بولرز اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، انہوں نے کہا کہ ماضی میں تو نیوزی لینڈ میں پچ پر زیادہ گھاس نہیں ہوتا تھا مگر اب ہم توقع کررہے ہیں کہ وہ سیمنگ کنڈیشنز کے لیے مفید پچ بنائیں گے۔