ڈیڑھ ماہ میں اسلام آباد کی سوفیصدسٹریٹ لائٹس بحال کرنیکا عندیہ

November 30, 2020

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی ترقیاتی ادارے کی جانب سے شہر بھر میں سٹریٹ لائٹس لگائے جانے کا کام تیز کر دیا گیا۔ مرکزی شاہراہوں پر 90جبکہ شہر بھر میں 52فیصد شاہراہوں، مارکیٹوں، ایونیوز، سیکٹوریل مراکز میں اسٹریٹ لائٹس فعال کر دی گئی ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے مزید بجٹ، افرادی قوت اور مشینری کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ ڈیڑھ ماہ تک شہر بھر میں 100فیصد اسٹریٹ لائٹس بحال کر دی جائیں گی۔ کئی سالوں سے شہر اقتدار کی مرکزی، اہم شاہراہوں، گلی محلوں اور مارکیٹوں میں اسٹریٹ لائٹس پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی تھی۔سٹریٹ لائٹس میں سے 90فیصد مکمل طور پر فیوز اور ناکارہ تھیں، جس پر شہریوں کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں تاہم چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کی دلچسپی کی بدولت شعبہ اسٹریٹ لائٹس کو 60ملین روپے کے فنڈز جاری کئے گئے تھے۔ یہ رقم الیکٹریکل آلات بشمول ٹرانسفارمرز سمیت دیگر برقی آلات کی تنصیب اور سٹریٹ لائٹس کی بحالی کیلئے جاری کی گئی۔ شعبہ اسٹریٹ لائٹس کی جانب سے ایکسپریس ہائی وے، سرینگر ہائی وے (کشمیر ہائی وے)، شاہراہ دستور، ایونیو، مارگلہ روڈ، سیونتھ ایونیو، نائنتھ ایونیو، شکر پڑیاں پارک، ایف نائن پارک، کچنار پارک، آئی ایٹ، آئی نائن، جی ایٹ، جی سیون، ایف سیون، ایف سکس، ایف ایٹ، ایف نائن، ایف ٹین، آئی ٹین، آئی نائن مراکز سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر 90فیصد اسٹریٹ لائٹس روشن کر دی گئی ہیں۔ اب مارکیٹوں، سب سیکٹرز کی مارکیٹس، چھوٹی و رابطہ سڑکوں، گلی اور محلوں میں اسٹریٹ لائٹس کی بحالی پر کام جاری ہے۔