کاون ہاتھی کمبوڈیا پہنچ گیا

November 30, 2020

پاکستان سے کاون ہاتھی کو کمبوڈیا پہنچا دیا گیا ہے جہاں امریکی گلوکارہ شیئر سمیت بڑی تعداد میں افراد نے کاون کا استقبال کیا ہے۔

کمبوڈیا کی جانب سے جاری کیے گئے ایک اعلامیے کے مطابق پاکستان سے روانہ کیا گیا 35 سالہ کاون ہاتھی کمبوڈیا پہنچ گیا ہے جہاں اُس کا گلوکارہ شئیر سمیت بڑی تعداد میں افراد نے والہانہ استقبال کیا گیا ہے۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق کمبوڈیا حکومت کی وائلڈ لائف ٹیم نے کاون ہاتھی کا استقبال کیا ہے، کاون کو ایئرپورٹ سے سینچوری کی جانب منتقل کیا جارہا ہے۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا میں ابتدائی طور پر دس ایکٹر زمین کاون کے لیے رکھی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کاون کے لیے کئی سالوں سے مہم چلانے والی گلوکارہ شیئر کاون ہاتھی کی کمبوڈیا منتقلی سے قبل اسے دیکھنے کے لیے اس ہفتے پاکستان پہنچی تھیں۔

کاون ہاتھی کی کمبوڈیا میں منتقلی سے قبل شیئر نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی تھی، شیئر کی جانب سے اپنے ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا گیا تھا۔