ہیری اور میگھن خاندان سے الگ ہوکر پہلی کرسمس منانے کیلئے پرجوش

November 30, 2020

برطانوی شاہی خاندان کے رکن اور ملکہ الزبتھ ثانی کے پوتے پرنس ہیری اپنی شادی کے بعد آنے والی دوسری اور خاندان سے الگ ہوکر امریکا آکر بسنے کے بعد اپنے پہلے آزادانہ طور پر خریدے گئے گھر میں اپنے پونے دو برس کے بیٹے آرچی اور اہلیہ میگھن مارکل کے ساتھ پہلی کرسمس منائیں گے۔

اطلاعات کے مطابق ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس اس حوالے سے بہت پرجوش ہیں اور ان دنوں وہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کی سانتا باربرا کاؤنٹی میں خریدے گئے 14ملین امریکی ڈالر کے اپنے مینشن کو اس تہوار اور تعطیلات کے سیزن کے لیے خوب سجا اور سنوار رہے ہیں۔

یاد رہے کہ دونوں نے گزشتہ برس اپنی پہلی شادی شدہ زندگی کی کرسمس میگھن مارکل کی والدہ ڈوریا ریگلینڈ کے کینیڈا میں واقع گھر میں انکے ساتھ منائی تھی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس برس بھی میگھن کی والدہڈوریا ریگلینڈ اپنے داماد پرنس ہیری اور بیٹی میگھن کے ساتھ کرسمس منائیں گی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ میگھن کے اسقاط حمل کے بعد سے انکی والدہ انکی کافی مدد کررہی ہیں۔

یاد رہے کہ اس برس جولائی سے میگھن کی والدہ کی یہ کوشش ہے کہ وہ اپنی بیٹی، داماد اور نواسے کی خصوصی طور پر دیکھ بھال کریں۔