تنہائی ختم، کاون ہاتھی کو نیا دوست مل گیا

December 01, 2020

35 سال اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں تنہا رہنے والے کاون کو کمبوڈیا جاتے ہی نیا دوست مل گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر سے رہائی حاصل کرنے کے بعد کمبوڈیا جانے والے کاون ہاتھی کی ایک تصویر منظر عام پر آئی ہے جس میں کاون کو ایک دوسرے ہاتھی کے ساتھ سونڈ سے سلام کرتے دیکھا گیا ہے۔

مذکورہ تصویر دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ کاون کی 35 سال کی تنہائی اب ختم ہوگئی ہے اور اُسے کمبوڈیا میں ایک نیا دوست مل گیا ہے جس کے ساتھ وہ اپنی زندگی خوشی سے بسر کرنے والا ہے۔

اس حوالے سے آسٹریا میں مقیم گروپ کے ترجمان مارٹن باؤر نے کہا کہ کئی سالوں میں ایک ہاتھی کے ساتھ پہلا رابطہ کاون کے لیے واقعی میں ایک بہت بڑا لمحہ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بالآخر کاون کو پر اُمن زندگی گزارنے کا موقع ملا ہے اور اب ہم کاون کا مستقبل بھی روشن دیکھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ 35 سے پاکستا ن کے دارالحکومت اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں تنہا رہنے والے کاون ہاتھی کو کمبوڈیا پہنچا دیا گیا ہے جہاں امریکی گلوکارہ شیئر سمیت بڑی تعداد میں افراد نے کاون کا استقبال کیا۔

کمبوڈیا کی جانب سے جاری کیے گئے ایک اعلامیے کے مطابق پاکستان سے روانہ کیا گیا 35 سالہ کاون ہاتھی کمبوڈیا پہنچ گیا جہاں اُس کا گلوکارہ شئیر سمیت بڑی تعداد میں افراد نے والہانہ استقبال کیا گیا۔