کس نے کہا تھا اسحٰق ڈار ایسے شو میں جاکر اپنی بےعزتی کروائیں، شبلی فراز

December 01, 2020

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحٰق ڈار کے انٹرویو پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کس نے کہا تھا ایسے شو میں جاکر اپنی بے عزتی کروائیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی لیڈرشپ کوشش کرے بھی تو ان سے سچ نہیں بولا جاتا، ان کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز نے بھی جائیداد سے متعلق جھوٹ بولا۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اسحٰق ڈار نے جس پروگرام میں شرکت کی اس پروگرام کے اینکر نے خود کہا کہ نواز شریف مجرم ہیں اور یہ کورٹ میں ثابت ہوا ہے۔

واضح رہے کہ اسحٰق ڈار نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی صرف ایک پراپرٹی ہے جو پاکستان میں ہے اور حکومت نے چھین لی ہے، لندن میں کوئی جائیداد نہیں، بچوں کا صرف ایک وِلا ہے جو اُن کی ملکیت ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ نیب سیاسی مخالفین کے خلاف انتقام کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے۔