اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کو فوری بحال کیا جائے، چودھری منظور

December 02, 2020

پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کی برطرفیوں پر پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما چودھری منظور نے کہا ہے کہ اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کو فوری بحال کیا جائے اور ان کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔

پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما چودھری منظور کا اس حوالے سے ایک بیان میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے وعدہ کیا تھا اسٹیل ملز چلائیں گے، ملازمین فارغ نہیں ہوں گے۔ حماد اظہر نجی اسٹیل مل کامیابی سےچلا رہے ہیں مگر سرکاری مل بند کردی گئی۔

چودھری منظور نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے روس کے ساتھ اسٹیل ملز کا توسیعی معاہدہ کیا تھا، روس کے ساتھ اسٹیل ملز توسیعی معاہدہ آگے بڑھایا جاسکتا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت کے زیرِ انتظام چلنے والی پاکستان اسٹیل ملز سے 4 ہزار 544 ملازمین کو برطرف کردیا گیا تھا جس کے بعد سے ملازمین کی جانب سے احتجاج جاری ہے۔

دوسری جانب منگل کو کراچی میں ریلوے ٹریک پر پاکستان اسٹیل کے برطرف ملازمین کے دھرنے کے باعث ٹرین آپریشن صبح 11بجے سے رات 12بجے تک معطل رہا۔