ماں کا بروقت اقدام، بچے کو خطرناک کنکھجورے سے بچا لیا

December 02, 2020


تھائی لینڈ میں ایک ماں نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے اپنے ایک سالہ بچے کو بڑی جسامت والے خطرناک کنکھجورے سے بچا لیا۔

بینکاک میں ڈنسو روڈ پر ایک گھر میں نانگ نامی بچہ اپنی کھلونا بلی کے ساتھ کھیل رہا تھا، جب زہریلی مخلوق اس کی طرف تیزی سے بڑھی، یہ منظر سی سی ٹی کیمرے میں بھی ریکارڈ ہو گیا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچہ بڑے کنکھجورے سے بال بال بچا

اس واقعے میں ماں خطرناک کنکھجورے سے غافل تھی، اور فرش پر لیٹے فون پر بات کر رہی تھی، اس سے قبل کہ کنکھجورا بچے تک پہنچتا، ماں کو خطرے کا احساس ہو گیا، اور اس نے تیزی سے اٹھ کر بچے کو فوراً اٹھا لیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک فٹ لمبا کنکھجورا فرش پر رینگتا ہوا تیر کی طرح بچے کی طرف بڑھا تاکہ اس کے گوشت میں اپنے ڈنک پیوست کر دے۔

واضح رہے کہ کنکھجورے کا ڈنک چھوٹے بچوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اس کے زہر سے بچے کے دل کی دھڑکن تیز ہو کر سانس میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔