پی سی بی کرکٹ کمیٹی کو جلد نیا چیئرمین مل جائے گا

December 04, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین کا اعلان اگلے پانچ چھ دن میں ہوجائے گا۔ چیف سلیکٹر کے لئے کوئی جلدی نہیں ہے جنوری میں جنوبی افریقا سےسیریز ہونی ہے ۔ جمعرات کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی کا اسٹرکچر وہی رہے گا ، چیف سلیکٹر کے حوالے سے دو تین نام ہیں لیکن فیصلے کے لیے ابھی کافی وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کا پاکستان آکر نہ کھیلنے کی کوئی وجہ نہیں کیونکہ سیکیورٹی بہترین ہے۔ پاکستان سپر لیگ سکس 20 فروری سے شروع ہوگا۔ پشاور 2022 میں پی ایس ایل کی میزبانی کرے گا، ڈرافٹ جنوری کی پہلےہفتے میں ہوگا۔ جنوبی افریقا کے دورہ پاکستان کی تصدیق پیر تک ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش پر پیسہ خرچ ہوتا ہے جس کے لیے ہم صوبائی حکومتوں سے بات کریں گے۔ پی سی بی 2023کے بعد کے آئی سی سی ٹورنامنٹس کی میزبانی کے لئے درخواست دے گا۔