عبدالغفور حیدری نے وزارت اعلیٰ کے حصول کیلئے ہی 2018 میں صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑا، حافظ حسین احمد

December 04, 2020

اوکاڑہ (وارث حیدری /نمائندہ جنگ)جے یو آئی کے سابق ترجمان حافظ حسین احمد نے انکشاف کیا ہے کہ جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے 2018 کے الیکشن میں بلوچستان کا وزیر اعلیٰ بننے کے لئے اسی ادارے کے اعلیٰ ترین آفیسر سے بات کی تھی جس ادارے کے سربراہ اور دوسری اہم شخصیت کا نام لے کر میاں نوازشریف نے کوئٹہ جلسے میں تنقید کی تھی. مولانا فضل الرحمان سمیت جے یو آئی کے تمام اہم راہنماؤں کو اس بات کا علم ہے. حافظ حسین احمد نے ”جنگ“ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا حیدری نےوزارت اعلیٰ کے حصول کے لئے ہی 2018میں صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑا . ان کی اعلیٰ آفیسر سے وزارت اعلیٰ کے حوالے سے بات جے یو آئی کے فورمز پر بھی ڈسکس ہوئی تھی. لیکن اب میاں نوازشریف کو خوش کرنے کے لئے جے یو آئی کو ذبح کیا جا رہا ہے۔