کراچی: پولٹری خرید و فروخت کے اوپن آکشن کا نظام نافذ

December 05, 2020


کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کی روک تھام اور ان کی قیمت ہول سیل میں شفاف طریقہ سے مقرر کرنے کے لئے مرغی اور انڈوں کی ہول سیل خریدو فروخت کے اوپن آکشن کا نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمشنر کراچی افتخار شالوانی کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مرغی اور انڈوں کی خرید و فروخت کو مارکیٹ کمیٹی کے قواعد اور طریقہ کار سے مشرو ط کیا جائے گا ، فیصلے پر 10 دسمبر سے عملدرآمد کیا جائے گا ۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضروری اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ناجائز منا فع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام سے متعلق ایکٹ مجریہ 2005 کے سیکشن 3 کے تحت انڈوں مرغی اور مرغی کے گوشت کی خرید و فروخت صرف نیو سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی کے قواعد کے تحت اوپن آکشن کے ذریعے ہوسکے گی ۔

کمشنر کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ڈیلرز، خریدار اور کوئی بھی شخص اس طریقہ کار کے تحت خریدو فروخت پا بندہوگا۔