چودھری برادران سے یوسف رضا گیلانی کی ملاقات

December 07, 2020

چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی سے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ملاقات کی اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔

لاہور میں چودھری برادران کی رہائش گاہ پر ہونے والی اس ملاقات میں تینوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت نے کہا کہ ان کی طبیعت اب بفضل تعالیٰ پہلے سے بہت بہتر ہے۔

اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے، اسلام میں دنیا کے ہر مسئلے کا حل موجود ہے، اسلام ہر قسم کی منافرت پھیلانے سے روکتا ہے۔

علاوہ ازیںوزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی نے بھی چودھری برادران سے ملاقات کی اور مسلم لیگ (ق) کے سربراہ سے ان کی خیریت دریافت کی۔

اس موقع پر چودھری برادران نے خیریت دریافت کرنے والوں اور اندرون اور بیرون ملک دعاؤں میں یاد رکھنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔