پی ڈی ایم ریلی، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج

December 07, 2020

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) راولپنڈی میں پی ڈی ایم کی ریلی میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر محکمہ صحت کی درخواست پر تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کرلیاگیا۔تھانہ کینٹ کوتحصیل سینٹری ہیلتھ انسپکٹرحامدمحمود نے بتایاکہ اتوارکوساڑھے تین بجے دن بحکم اے ڈی سی (جی ) راولپنڈی اطلاع موصول ہوئی کہ کینٹ کے علاقہ جامع اسلامیہ کامران مارکیٹ صدرسے اتوارکودن سوابارہ بجے پی ڈی ایم کی طرف سے ریلی نکالی گئی جس میں تقریباً ایک سوچالیس ،ایک سوپچاس افرادتھے جس میں کورونا ایس اوپیزکاخیال نہ رکھاگیاہے اورڈاکٹرضیاء الرحمٰن امازئی امیرجے یوآئی ایف راولپنڈی ،ملک ابراراحمدصدر ڈویژن پی ایم ایل این ،رشیدخان سابقہ ممبرکینٹ،مقبول خان پی ایم ایل این ،مفتی مسرت اقبال جے یو آئی ایف راول ٹاؤن ،قاری ارشدعباسی جنرل سیکرٹری جے یوآئی ایف،حاجی پرویزپی ایم ایل این ،ملک افتخارسابق ایم پی اے،قیس ملک ،ملک عمرفاروق ،سابق مئیرسردارنسیم خان سٹی صدر،شوکت بٹ وغیرہ کے زیرنگرانی اس ریلی میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی گئی ہے ،جس کی وجہ سے متعدی مرض پھیلنے کااندیشہ ہے، ان کے خلاف قانونی دفعہ 269ت پ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔دریں اثنا ن لیگی رہنمائوں ملک ابرار، سردار نسیم ، حاجی عمرفاروق اور حاجی پرویز نے پرچہ درج ہونے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ایک شہر اور دو قانون نافذ کرکے حکومت نے انتقام کی سیاست اور منافقت کو بے نقاب کردیا ہے،4دسمبر کو ڈھوک کھبہ میں حکمران جماعت کے ایم این اے کا جلسہ کورونا پروف تھا اور پی ڈی ایم کا احتجاج کورونا پھیلنے کا سبب کیسے بن گیا، ایف آئی آرکے مطابق ریلی میں ایک سو چالیس سے ایک سو پچاس افراد شریک تھے جبکہ حکومت کی اپنی پالیسی کے مطابق300 افراد کے اجتماع پر کوئی پابندی نہیں لیگی راہنماوں نے کہا کہ کسی صورت انتقامی ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے ، لاہور کا جلسہ سلیکٹیڈ حکمرانوں کے خلاف ریفررنڈم ہوگا ۔