داخلہ ٹیسٹ کا معاملہ، PMCکو نوٹس جاری

December 07, 2020

سندھ ہائیکورٹ نے میڈیکل کے داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ میں سلیبس سے ہٹ کر سوالات پوچھنے کے خلاف درخواست پر پاکستان میڈیکل کونسل (پی ایم سی) اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو 16 دسمبر تک جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں میڈیکل کے داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ میں سلیبس سے ہٹ کر سوالات پوچھنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔


درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 29 نومبر کو ہونے والے میڈیکل کے انٹری ٹیسٹ نئے سلیبس سے ہٹ کر تھے، انٹری ٹیسٹ میں بیالوجی اور فزکس سمیت دیگر مضامین سے سوالات آؤٹ آف سلیبس تھے پی ایم سی کو انٹری ٹیسٹ کے نتائج جاری کرنے سے روکا جائے۔

درخواست گزار کاکہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے چاروں صوبوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے، 13 دسمبر کو میڈیکل کا دوسرا انٹری ٹیسٹ لینے سے روکا جائے جس پر عدالت نے پاکستان میڈیکل کونسل اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو 16 دسمبر تک جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔