لاہور جلسے کو آخر میں اس لیے رکھا کیونکہ یہ فیصلہ کن ہوگا، مریم نواز

December 07, 2020


سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی لاہور کے جلسے کو اپوزیشن کا آخری جلسہ ہونے کی تصدیق کردی۔

لاہور میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ لاہور کے جلسے کو آخر میں اس لیے رکھا گیا کیونکہ یہ فیصلہ کن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت کے جانے کے دن گنے جاچکے، جعلی وزیراعظم کے گھر جانے کی باری بھی آگئی ہے۔

ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ اپوزیشن اتحاد نے عمران خان کی حکومت کو گھر بھجوانے کی ذمے داری لاہور پر ڈالی ہے۔

انہوں نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے لاہور کے جلسے کا آغاز آج سے ہی کر دیا، میں جعلی وزیر اعظم کا نیا نام تابعدار خان رکھ دیا ہے۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ تابعدار خان کل کہہ رہے تھے کہ لاہور کا جلسہ نہیں روکوں گا، انہیں پتہ تھا کہ لاہور کا جلسہ نہیں رکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جعلی وزیراعظم کہہ رہا تھا کہ جلسہ نہیں روکوں گا مگر کرسیاں نہیں دیں گے، میں پوچھتی ہوں اس وقت جو لوگ موجود ہیں کیا انہیں کرسیوں کی ضرورت ہے؟

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے جلسے کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ لوگ مجھے یہ بتائیے کیا جعلی حکومت روکے گی تو ہم رک جائیں گے؟، اگر مینار پاکستان میں جلسہ کی اجازت نہ ملی تو آپ جلسہ نہیں کرو گے؟۔

مریم نواز نے کہا کہ اگر ملتان میں جلسہ ہوسکتا ہے تو لاہور تو پھر لاہور ہے، اس شہر نے قوم کو میاں نواز شریف جیسا بیٹا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میرا گھر ہے، میں خود آپ سب کو جلسے کی دعوت دینے آئی ہوں، آپ 13دسمبر کے جلسے میں آئیں اور ملک کو بیروزگاری اور مہنگائی سے نجات دلائیں۔

ن لیگی نائب صدر کا کہنا تھاکہ 13 دسمبر کو لاہور فیصلے کردے گا، اس دن آر یا پار ہوجائے گا، لاہور جلسہ بتادے گا جعلی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں، جعلی وزیراعظم کے جانے کے چند دن رہ گئے ہیں۔