معروف عالم دین زر ولی خان کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے

December 07, 2020

جامعہ احسن العلوم کراچی کے مہتمم معروف علمی شخصیت شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مفتی زر ولی خان انتقال کرگئے، مرحوم کراچی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

مذہبی اسکالر مفتی زبیر کے مطابق مولانا زر ولی انڈس اسپتال کے کورونا وارڈ میں زیر علاج جہاں وہ آج انتقال کرگئے۔

اسپتال ترجمان کے مطابق مفتی زرولی کا انتقال کورونا کے باعث ہوا۔

مفتی زر ولی ضلع صوابی کے قصبہ جہانگرا میں 1953 میں پیدا ہوئے، بنوری ٹاؤن گرومندر سے علوم اسلامیہ حاصل کیا، مولانا یوسف بنوری، مولانا عبداللّٰہ کاکاخیل جیسے اکابرین آپ کے اساتذہ میں شامل ہیں۔

انھوں نے 1978 میں گلشنِ اقبال کراچی میں احسن العلوم کے نام سے مدرسہ قائم کیا، پوری زندگی درس و تدریس کے شعبہ سے وابستہ رہے، کئی کتب کے مصنف اور بہترین خطیب تھے۔

جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مفتی نعمان نعیم سمیت دیگر مدارس دینیہ کے مہتمین نے مفتی زرعلی کے انتقال پر افسوس و تعزیت کا اظہارکیا ہے۔

مفتی زرولی کی نماز جنازہ کل دوپہر ادا کی جائیگی۔