ملکر ڈاٹ کام، انڈس اسپتال اور دیگر کی خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم

December 10, 2020

انڈس اسپتال کراچی نے ملکر ڈاٹ کام (Milkar.com)، گرین کریسنٹ ٹرسٹ اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ریڑھی گوٹھ کراچی کے پسماندہ علاقے کے لیے خون کے عطیات جمع کیے۔

ملکر ڈاٹ کام اپنے اس وژن کے مطابق جس میں کہ عام لوگوں کو ایک بڑے امدادی ادارے کا پلیٹ فارم مہیا کرنا چاہتی ہے تاکہ سماجی و معاشی مقاصد کے لیے اجتماعی طور پر کام کیا جائے، کراچی کے ماہی گیروں کی اس بستی کے لیے بھی خون کے عطیات جمع کرنے کے پیچھے اسی تنظیم کا مرکزی کردار ہے۔

واضح رہے کہ یہ اس علاقے میں خون کے عطیات جمع کرنے کی چوتھی مہم ہے، اور اب تک دو سو سے زیادہ افراد نے اس میں رضاکارانہ طور پر خون کے عطیات دیئے۔

اس موقع پر پچاس سے زیادہ خون کی بوتلیں تمام تر احتیاطی تدابیر کے تحت سخت اسکریننگ کے ذریعے جمع کی گئیں۔ خون جمع کرنے کی مہم میں گرین کریسنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسکولز کراچی ڈویژن مرزا فرحت بیگ اور چار دوسرے غیر منفعت بخش اداروں کے ارکان نے حصہ لیا۔

گرین کریسنٹ ٹرسٹ 27 برس سے سندھ کے دیہی علاقوں میں 150 اسکولوں کا نیٹ چلا رہی ہے، تاکہ مستحق خاندانوں کے بچوں کو تعلیم دی جاسکے۔ گرین کریسنٹ اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن سندھ میں بچوں کو اسکول میں داخل کرانے کے سلسلے میں گزشتہ دو برسوں سے مشترکہ طور پر کام کررہے ہیں۔

دریں اثنا گرین کریسنٹ کے سی ای او زاہد سعید نے کہا کہ ملکر ڈاٹ کام نے کورونا ایمرجنسی کے دوران ملک کے غریب عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں اور 70 سے زیادہ این جی اوز اور امدادی اداروں کے وسائل کو یکجا کرکے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔

انھوں نے انڈس اسپتال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس صحت کی خدمات فراہم کرنے والے کراچی شہر کے بڑے امدادی ادارے نے کورونا وائرس کی ہنگامی صورتحال میں مسلسل خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم جاری رکھی، تاکہ ان افراد کے لیے خون کی باآسانی فراہمی جاری رکھی جاسکے جنکی بقا کا انحصار انتقال خون پر ہوتا ہے۔

انڈس اسپتال کی نمائندگی کرتے ہوئے یاور مرزا نے کہا کہ انڈس اسپتال اپنی امدادی مہم کے تحت، صحت سے متعلق اپنے پارٹنر اداروں کو خون کے عطیات بلا معاوضہ فراہم کرتا ہے۔