حکومت اور انتظامیہ کی مداخلت جاری رہی تو تصادم ہوسکتا ہے، رانا ثناء اللّٰہ

December 12, 2020


مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ مینار پاکستان میں جلسے کے لیے سامان لانے میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے، کوئی تصادم ہوا تو اس کی ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ پر ہوگی۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جلسے میں کارکن پر امن طور پر جمع ہوں گے اور پر امن طور پر منتشر ہوں گے۔

انہو ں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کی مداخلت جاری رہی تو تصادم ہوسکتا ہے، اور اس کی تمام تر ذمہ داری عمران حکومت اور انتظامیہ پر ہوگی۔

واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کل 13 دسمبر بروز اتوار کو لاہور میں ہونے والے جلسے کے سلسلے میں لاہور کے مینارِ پاکستان گراؤنڈ گریٹر اقبال پارک کے گیٹ نمبر 5 کا تالا نون لیگی کارکنوں نے توڑ دیا۔

تالا توڑنے کے بعد نون لیگی کارکنوں نے اسٹیج کی تیاری کا سامان اندر پہنچا دیا جس کے بعد مینارِ پاکستان کے احاطے میں اسٹیج بنانے کا کام جاری ہے، مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں کرسیاں بھی پہنچا دی گئی ہیں۔

گزشتہ رات بارش کے بعد مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں بعض جگہ پر پانی موجود ہے، جلسہ منتظمین کی جانب سے گراؤنڈ کی صفائی کے لیے کام جاری ہے۔

جلسہ گاہ میں بجلی کے انتظام کے لیے جنریٹر پہنچا دیئے گئے ہیں، جلسے میں روشنی کے انتظامات کے سلسلے میں گراؤنڈ میں سرچ لائٹیں لگا دی گئی ہیں، جبکہ ساؤنڈ سسٹم کی تنصیب کے لیے بھی کام جاری ہے۔

مسلم لیگ نون کے کارکنوں کی بڑی تعداد کے مینارِ پاکستان گراؤنڈ آنے کا سلسلے بھی جاری ہے۔

لاہور میں مینار پاکستان کے سبزہ زار پی ڈی ایم جماعتوں کے کارکن اپنی پارٹیوں کے پرچم لگا رہے ہیں۔