حضرت شاہ رکن عالم کے عرس کی تقریبات منسوخ

December 13, 2020

ملتان میں کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر برصغیر کے عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن عالم اور حضرت حافظ جمال ملتانی کے عرس کی تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔

ملتان میں برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت شاہ رکن عالم سہروردی کے 707 ویں اور حضرت حافظ جمال اللہ ملتانی کے 215 ویں عرس کی سہہ روزہ تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں ۔

عرس کی تقریبات کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کے باعث منسوخ کی گئی ہیں، عرس کی درخواست محکمہ اوقاف نے ضلعی انتظامیہ کو دی تھی ، انتظامیہ نے محکمہ ہیلتھ اور پنجاب حکومت کی ایڈوائزری پرعرس کی اجازت نہیں دی ۔

حضرت شاہ رکن عالم کا 707 واں عرس 20 دسمبر سے ہونا تھا ، حضرت حافظ جمال اللہ ملتانی کا 215 واں عرس 18 دسمبر سے شروع ہونا تھا ۔

حضرت شاہ رکن عالم کے عرس کے موقع پر دربار کے سجادہ نشین وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور خاندان کے چند افراد چادر پوشی کریں گے اور مزار کو غسل دیں گے ۔