ناصر شاہ کا پی ٹی آئی ترجمانوں کو کھل کر جھوٹ بولنے کا مشورہ

December 14, 2020

وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے تحریک انصاف کے ترجمانوں کو کھل کر جھوٹ بولنے کا مشورہ دے دیا۔

ایک بیان میں وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ نااہل حکومت کے نااہل ترجمان قوم سے مسلسل جھوٹ بولتے اور عوام کو دھوکا دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں ایسے جھوٹ بولو کہ مہنگائی کی ماری عوام کو کچھ تو خوشی مل جائے۔

سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ میرا پی ٹی آئی ترجمانوں کو مشورہ ہے کہ اگر جھوٹ بولنا ہی ہے تو کھل کر بولیں، جیسے کہ ایک ڈالر پچاس روپے کا، چینی 20 روپے کلو، آٹا بالکل مفت دستیاب ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتی ترجمانوں نے جتنی ریسرچ اپوزیشن اتحاد کے لاہور جلسے پر کی ہے اگر اُس سے آدھی بھی آٹا اور چینی چوروں پر کرلیتے تو مہنگائی کا سونامی کم ہوجاتا۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ لاہور میں پی ڈی ایم نے کامیاب بلکہ تاریخ ساز جلسہ کیا، جس میں لاکھوں زندہ دلان لاہور نے شرکت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ترجمان یہ جھوٹ بول کر بھی خوش ہوسکتے ہیں کہ عمران خان کی جگہ اگلا وزیراعظم شبلی فراز، فردوس آپا یا شہباز گل ہوں گے۔