حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے پرعزم ہے ،وزیراعظم عمران خان

December 14, 2020

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ صنعتی ترقی معیشت کی بہتری کیلئے لازمی ہے، حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے پر عزم ہے، اسپیشل اکنامک زونز سے مقامی افراد کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرے گا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت خصوصی اقتصادی زونزکی منظوری بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں عمران خان نے اسپیشل اکنامک زونز کو بجلی اور گیس کنکشنز کی جلد فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سمیت سندھ اور بلوچستان کے چیف سیکرٹریز کے علاوہ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے بھی شرکت کی۔

وفاقی وزرا حفیظ شیخ، حماد اظہر، شبلی فراز اور مشیر تجارت رزاق داؤد کے علاوہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کی گئی۔

اجلاس کو ملک میں 19 خصوصی اقتصادی زونز سے متعلق بریفنگ دی گئی، جبکہ بورڈ نےخصوصی اقتصادی زونز انٹرپرائزپلاٹ ریگولیشنز 2020 کی منظوری دی۔

اعلامیے کے مطابق اکنامک زون بلوچستان میں صدیق سنز ٹن پلیٹ کی منظوری دی گئی، اس کے علاوہ سندھ اکنامک زون میں سروس لانگ مارچ ٹائرز کی بھی منظوری دی گئی۔