بھارت سے کھیلنے کیلئے تیار ہیں لیکن فی الحال یہ ممکن نہیں، وسیم خان

December 14, 2020

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ ہم تیار ہیں بھارت فیصلہ کرے اُسے کب کھیلنا ہے لیکن فی الحال یہ ممکن نہیں ہے۔

کراچی پریس کلب کے دورے اور میڈیا سے گفتگو میں وسیم خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بورڈ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں بابراعظم کے ان فٹ ہوجانے کے بعد کپتان کا فیصلہ ٹور سلیکشن کمیٹی کا ہوگا، جو بااختیار ہے۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ پی سی بی تیار ہے بھارت فیصلہ کرے کہ اسے کب کھیلنا ہے، فی الحال یہ ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی 5 سالہ پالیسی پر عمل پیرا ہے، وزیر اعظم سے مشاورت ہوتی ہے، تاہم وہ بورڈ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔

وسیم خان نے یہ بھی کہا کہ پالیسی کے تسلسل کے لیے وہ خواہش رکھتے ہیں کہ اگلی مدت کے لئے بھی بورڈ میں ذمہ داریاں نبھائیں۔

انہوں نے کہا کہ مسائل ضرور ہیں لیکن ڈومیسٹک کرکٹ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ آئندہ برس ایک نہیں 4 ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، ہم بھارت کے ساتھ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔