بچوں کے لیے کورونا ویکسین کب تک دستیاب ہو گی؟

December 15, 2020

عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل جب سے دنیا کے چند ممالک میں شروع ہوا ہے اس وقت سے یہ سوال بھی سننے میں آرہا ہے کہ یہ ویکسین بچوں کیلئے کب دستیاب ہو گی۔

امریکی میڈیا میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق کورونا ویکسین کی مستند اداروں سے منظوری ملنے کے بعد برطانیہ، امریکہ اور روس سمیت چند دیگر ممالک میں کورونا ویکسین دینے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

دنیا کے مختلف ممالک نے کورونا ویکسین دینے کے لیے جو ترجیحات طے کی ہیں اس کے تحت ہیلتھ ورکرز، بزرگ شہریوں اور متاثرین کو اولیت دی جائے گی۔

لیکن جب سے بڑی عمر کے افراد کے لیے کورونا ویکسین کی منظوری دی گئی ہے اس وقت سے والدین یہ جاننے کے خواہش مند ہیں کہ بچوں کے لیے محفوظ اور کار آمد ویکسین کب تک دستیاب ہو گی؟

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فی الوقت یہ کہنا مشکل ہے کہ بچوں کے لیے بطورخاص کورونا ویکسین کب تک دستیاب ہو سکے گی؟

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچوں کے لیے ویکسین کب تک دستیاب ہوگی؟ حتمی طور پر اس کی مدت اور وقت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا جا سکتا ہے۔

عالمی طبی ماہرین کے مطابق بچوں کے لیے بطور خاص کورونا ویکسین تیاری کے کس مرحلے میں ہے؟ اوراس کے کلینیکل ٹرائل کی کیا پوزیشن ہے کے حوالے سے حتمی طور پر کچھ بھی واضح نہیں ہے۔

اس لیے بہتر ہے کہ والدین اپنے بچوں سے احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد کرائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ ایس او پیز پر لازمی عمل کریں۔