کونسی غذاؤں سے بال جھڑتے ہیں؟

December 22, 2020

صحت مند اور مضبوط بال مردوں اور عورتوں دونوں کے لیے بہت ضروری ہیں۔ خوبصورت بالوں کے لیے یہ ضروری نہیں کہ ہم مہنگی سے مہنگی مصنوعات کا استعمال کریں بلکہ جس طرح ہماری جِلد کی صحت کا انحصار ہماری غذا اور مجموعی صحت پر ہوتا ہے بالکل اُسی طرح ہمارے بالوں کی صحت کا تعلق بھی ہماری غذا سے ہوتا ہے۔

عام طور پر کہا جاتا ہے کہ اگر کسی کے بال جھڑ رہے ہیں تو اُس کی وجہ ذہنی تناؤ ہے جبکہ ایسا نہیں ہے ماہرین کہتے ہیں کہ کچھ غذائیں ایسی ہیں جن کے کھانے سے ہمارے بال تیزی جھڑتے ہیں لہٰذا ہمیں اُن غذائیوں کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اس مسئلے سے چھٹکارا حاصل کرسکیں۔

وہ غذائیں جن کی وجہ سے بال تیزی سے جھڑتے ہیں:

چینی:

چینی کا استعمال آپ کے بالوں کے لیے اتنی ہی مضر ہے جتنی آپ کی مجموعی صحت کے لیے ہے۔ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ جو لوگ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں اُن کے بال تیزی سے جھڑتے ہیں لہٰذا اگر آپ اپنی غذا میں چینی کا استعمال زیادہ کرتے ہیں تو آج ہی اُس کی مقدار کم کردیں تاکہ آپ کے بال جھڑنے سے رُک جائیں۔

الکوحل:

بال بنیادی طور پر پروٹین سے بنے ہوتے ہیں، جسے کیریٹن کہتے ہیں۔ کیریٹن ایک پروٹین ہے جو آپ کے بالوں کو ساخت فراہم کرتا ہے اور جب ہم الکوحل کا استعمال کرتے ہیں تو اُس سے ہمارے بال کمزور اور بے رونق ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے بالوں کے جھڑنے میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

ڈائیٹ سوڈا:

ڈائیٹ سوڈا میں ایک مصنوعی میٹھا شامل ہوتا ہے جسے اسپارٹیم کہتے ہیں اور ایک تحقیق کے دوران معلوم ہوا ہے کہ یہ ہمارے بالوں کی صحت کو بُری طرح متاثر کرتا ہے۔ اگر آپ کو جلد ہی بالوں کے جھڑنے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تو بہتر ہے کہ آپ پوری طرح سے ڈائیٹ سوڈا سے پرہیز کریں۔

جنک فوڈ:

آج کے اس دور میں بچوں اور نوجوان سمیت ہر عُمر کے افراد جنک فوڈ کا استعمال کر رہے ہیں جس سے وہ ناصرف امراضِ قلب اور موٹاپے جیسے مسائل کا شکار ہو رہے ہیں بلکہ جنک فوڈ کے کھانے سے اُن کے بالوں کی صحت کو بھی بہت نقصان پہنچ رہا ہے اور مطالعات سے معلوم ہوتا ہے کہ جو لوگ جنک فوڈ کا زیادہ استعمال کرتے ہیں اُن کے بال تیزی سے جھڑتے ہیں۔

مچھلی:

مرکری کی اعلیٰ سطح اچانک بالوں کے جھڑنے کا باعث بن سکتی ہے اور مرکری کی نمائش کا سب سے عام ماخذ مچھلی ہے کیونکہ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران آب و ہوا میں تبدیلی کی وجہ سے مچھلیوں میں کافی بیماریاں دیکھنے کو مل رہی ہیں لہٰذا ایسی مچھلی کا انتخاب کریں جو آپ کے بالوں کی صحت کے لیے مفید ہو۔

کچے انڈے کی سفیدی:

انڈا بالوں کے لیے بہت اچھا ہوتا ہے لیکن انہیں کچا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ کچے انڈوں کی سفیدی بائیوٹن کی کمی کا سبب بن سکتی ہے اوبائیوٹن وہ وٹامن ہے جو کیریٹن کی پیداوار میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ لہٰذا اپنے بالوں پر کچے انڈے کی سفیدی کے استعمال سے گریز کریں۔