پاکستان: کورونا وائرس سے مزید 71 اموات

January 01, 2021


پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب ان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان ایک بار پھر 29 ویں نمبر سے 28 ویں پر آگیا ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 463 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 71 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 2 ہزار 156 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 176 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 82 ہزار 178 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 41 ہزار 39 ٹیسٹ کیئے گئے، کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 6 فیصد رہی، جبکہ اب تک کُل 67 لاکھ 37 ہزار 107 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کُل 34 ہزار 773 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 216 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 37 ہزار 229 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 15 ہزار 679 ہو چکی ہے، جبکہ کُل اموات 3 ہزار 560 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 38 ہزار 608 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 4 ہزار 42 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 58 ہزار 701 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 1 ہزار 649 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 37 ہزار 888 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک کُل 419 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 18 ہزار 168 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 183 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 8 ہزار 277 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک کُل 222 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 857 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 101 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔