ہم تب مطمئن ہوں گے جب قاتلوں کے خلاف کارروائی ہوگی، والد اسامہ

January 04, 2021

اسلام آباد میں پولیس کی فائرنگ سے مرنے والے اسامہ کے والد ندیم ستی کا کہنا ہے کہ بیٹے کے قتل کی ایف آئی آر کٹ گئی ہے، جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ مان لیا گیا ہے، وزراء نے یقین دہانی کروائی ہے، ہم تب مطمئن ہوں گے جب کارروائی ہوگی۔

جیو نیوز کے پروگرام’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ندیم ستی نے کہا کہ طفل اور تسلیوں سے ہم مطمئن نہیں ہوں گے۔

والد اسامہ ستی نے کہا کہ 2018 میں بیٹے پر کیس تھا تو پہلے کیوں نہیں دیکھا گیا، پولیس پر بات آئی ہے تو یہ کیس چھیڑا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی، ڈی آئی جی آئے تھے انہوں نے کہا ہماری طرف سے کوئی کیس نہیں، 2018 کے مقدمہ کی جو بات ہے وہ اسامہ ندیم کا ہے۔

والد اسامہ ستی نے کہا کہ میرے بیٹے کو سنگدلی سے مارا ہے، ہمارا گھر اجاڑا ہے، ملزمان کو بچانے کے لیے یہ ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں۔