ٹیسٹ کرکٹ میں شکست، شاہد آفریدی کا قومی ٹیم کو مشورہ

January 06, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد قومی کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بہتر کارکردگی پیش کرنے کیلئے ہنر اور حوصلے کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں ٹیم کی کارکردگی بدترین تھی۔

قومی ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بدترین شکست کے بعد شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بننے پر مبارکباد دی اور کین ولیمسن اور باقی ٹیم کی پرفارمنس کو شاندار کہا۔

انہوں نے لکھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں اچھی فائٹ بیک کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں ایسی کارکردگی دیکھ کر شدید مایوسی ہوئی۔

شاہد آفریدی کے مطابق ’کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں رہنے کے لیے ہنر اور حوصلے کی ضرورت ہے۔‘

انہوں نے نیوزی لینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بدترین کارکردگی قرار دیا۔

خیال رہے کہ کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے چوتھے روز ہی پاکستان کو میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے اننگز اور 176 رنز سے شکست دے دی۔