عمران عباس خوبرو کیسے؟ اداکار نے خود بتا دیا

January 07, 2021

ایشیا کے خوبصورت چہروں میں شامل پاکستانی اداکار عمران عباس نے اپنی خوبصورتی کا راز بتا دیا۔

اداکار عمران عباس نے انسٹاگرام پر مداحوں کیلئے سوال و جواب کا سیشن کیا۔

ایک مداح نے اداکار سے پوچھا کہ ’آپ کتنے خوبصورت ہو یار آخر آپ کھاتے کیا ہو؟ ہمیں بھی بتائیں ذرا ۔‘

اس سوال کے جواب میں اداکار نے بتایا کہ کھاتا سب ہوں بس ’پیتا‘ نہیں ہوں۔

اسی سیشن میں ایک صارف نے اپنے پسندیدہ اداکار سے پوچھا کہ آپ نے کہا تھا کہ آپ کو ٹک ٹاک نہیں پسند ہے، اس کی کیا وجہ ہے؟

عمران عباس نے صارف کے جواب میں کہا کہ ’میں نے کبھی بھی ایسا نہیں کہا کہ میں ٹک ٹاک کو نا پسند کرتا ہوں بلکہ یہ ایک حیرت انگیز ایپ ہے جہاں لوگ مزاحیہ اور تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کر کے دوسروں کو تفریح فراہم کرتے ہیں۔‘

عمران عباس نے کہا کہ وہ جلد ہی ٹک ٹاک پر قدم رکھ سکتے ہیں کیونکہ انہیں بے شمار چاہنے والوں کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔