وبا کے ساتھ زندگی گزارنے کی عادت ہوگئی ہے، اسد عمر

January 12, 2021

وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے چیئرمین اسد عمر کا کہنا ہے کہ وبا کے ساتھ زندگی گزارنے کی عادت ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمرکہتے ہیں کہ ملک میں کورونا کی وجہ سے دو کروڑ افراد کا روزگار متاثر ہوا، 10 فیصد گھرانے بعض اوقات ایک سے زائد دن بھوکے رہے، 30 فیصد گھرانے خوراک کی فراہمی پر عدم تحفظ کا شکار ہوئے ،مشکل معاشی صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے 50 فیصد گھرانوں نے کم معیاری خوراک خریدی۔

انہوں نے کہا کہ 47 فیصد گھرانوں نے اپنی بچت خرچ کر ڈالی یا جائیدادیں فروخت کیں۔ وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں کورونا کی وجہ سے کروڑوں لوگ بےروزگار ہوئے، کورونا کے دوران لاک ڈاؤن کرنے کی صدائیں آتی تھیں۔

اسد عمر نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران صنعت اورتعمیراتی شعبے کو کھولا گیا، پاکستان نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنائی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ برطانیہ،امریکا میں کورونا سے جتنی اموات 2021 میں ہورہی ہیں اتنی 2020 میں نہ ہوئیں، کورونا کےدوران پاکستان کی پالیسیوں کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر میں نومبر اور دسمبر میں کیسز بڑھے، ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کام کرنے والے افراد کورونا سے متاثرہوئے۔