شورشِ دوراں/ ہم ساتھ تھے (آپ بیتیاں)

January 17, 2021

مصنّف: حمیدہ سالم (ہمشیرہ اسرار الحق مجاز)

ترتیب،پیش کش و اہتمام:راشد اشرف، ڈاکٹر پرویز حیدر

صفحات: 510،قیمت: 500 روپے

ناشر:فضلی بُک، اُردو بازار، کراچی۔

’’شورشِ دوراں/ ہم ساتھ تھے (آپ بیتیاں)‘‘تقسیمِ ہند کے آس پاس کے ہنگامہ خیز ادبی و سیاسی اُفق کی ایک دِل چسپ داستان ہے، جسے حمیدہ سالم نے اپنے متحرّک،فعال اور اہلِ علم خاندان کی بیدار مغز شخصیات کے ذکر سے اس طرح سجا اور سنوار کر پیش کیا ہے کہ ایک پورا عہد نظروں کے سامنے آنے لگتا ہے۔ تاہم،کمال یہ ہے کہ سجانے، سنوارنے کے اس عمل میں تصنّع ، بناوٹ کا کوئی گزر نہیں۔اُردو ادب کا وہ کون سا قاری ہے، جسے اسرار الحق مجازؔ کی تخلیقات نے شدّت سے متاثر نہ کیا ہو۔ سنجیدہ اذہان قاری صفیہ اختر کے نام سے بھی اچھی طرح واقف ہیں کہ جنہوں نے ’’زیرِ لب‘‘ اور ’’حرف آشنا ‘‘ کے عنوان سے مرتّب کیے جانے والے خطوط کے ذریعے اپنا سکّہ جما دیا۔

اُردو کے ممتاز شاعر،جاں نثار اختر کی اہلیہ ہونے کے ناتے بھی صفیہ اختر کو ادبی دنیا کے معاملات سمجھنے میں خُوب مدد ملی۔ مجازؔ کے ایک بھائی انصار الحق ہروانی نے سیاست میں اپنی شناخت بنائی۔ خود کتاب کی مصنّفہ ،حمیدہ سالم نے اپنے بھائی،مجازؔ پر ’’جگن بھّیا‘‘ کے عنوان سے جو مضمون تحریر کیا تھا،اُسے آج بھی دِل چسپی سے پڑھا جاتا ہے۔ اس نام وَر خانوادے کوہر حیثیت میں جاننے کے لیے حمیدہ سالم کی یہ آپ بیتیاں از اوّل تا آخر لُطف کے ساتھ پڑھے جانے کے لائق ہیں۔

جن پر تبصرہ ممکن نہیں!!

ذیل میں اُن کتب اور رسائل و جرائد کی تفصیل دی جارہی ہے،جن پر تبصرہ ممکن نہیں۔ان میں سےکچھ کی ایک جِلد موصول ہوئی ہے اور کچھ کے صفحات کی تعداد ایک سو سے کم ہے۔

٭ماہ نامہ قومی زبان،مدیرہ ،ڈاکٹرثروت رضوی٭ڈاکٹر ملک غلام مرتضی:احوال و آثار،تا لیف،ڈاکٹر محمد اسلم خان(2018ء)٭صحیفہ اہلِ حدیث،مدیر ،عبدالعظیم حسن زئی٭ماہ نامہ فہم دین،مدیر،محمّد خرم شہزاد٭خوشیوں کا مقناطیس،صفیہ امیر جان٭ملک،ایک قدیم نسل،ملک تاج محمد مو آل چشتی(2018ء)۔

جو مصنّفین اور اشاعتی ادارے تبصرے کے لیے کتابیں بھیجنا چاہتے ہیں، ازراہِ کرم درج ذیل باتوں کا خیال ضرور رکھیں:

٭چھوٹے چھوٹے کتابچے اورپمفلٹ وغیرہ روانہ نہ کیے جائیں کہ ایک سو سے کم صفحات والی کتاب کا تعارف شامل نہیں کیا جاتا٭جو کُتب کسی فرقے، مذہب،گروہ،ادارے یا طبقے کے خلاف لکھی گئی ہوں گی، اُن پر تبصرہ نہیں ہوگا٭جن کتابوں پر ایک بار تبصرہ ہوچُکا،دوبارہ قطعاً ارسال نہ کی جائیں٭ایسی کتابیں، جو اسکولزاور کالجز کے نصاب سے متعلق ہوں، اُن پر بھی تبصرہ نہیں کیا جاسکتا٭ہر کتاب کی دو جلدیں آنا ضروری ہیں، ایک کتاب موصول ہونے پر تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔علاوہ ازیں،2019ء میں شایع ہونے والی کسی بھی کتاب پر رواں برس تبصرہ ممکن نہیں ہو گا،البتہ 2020ء کی شایع کردہ کتابوں پر تبصرہ کردیا جائے گا۔اور یہ فیصلہ کتابوں کی کثیر تعداد اور مصنّفین اور اشاعتی اداروں کے طویل انتظار کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔صفحے کا عنوان’’نئی کتابیں‘‘ہے، لہٰذا ہماری کوشش یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ نئی کتب شامل ہوں، نہ کہ گزشتہ برس کی شایع شدہ۔سو، براہِ کرم 2020ء کی کوئی کتاب اب ارسال کرنے کی زحمت نہ کریں۔تبصرے کے لیے کتابیں صرف اس پتے پر ارسال کی جائیں۔

ایڈیٹر’’سنڈے میگزین‘‘،روزنامہ جنگ ،شعبۂ میگزین،اخبار منزل، آئی آئی چندریگر روڈ،کراچی۔