ممبئی شہر نے جوہی چاؤلہ اور دیا مرزا کو پریشان کردیا

January 13, 2021

بھارت کے بڑے اور مصروف شہر ممبئی کی فضائی آلودگی نے عام افراد سمیت بالی وڈ اداکاراؤں کو بھی پریشان کردیا۔

بالی وڈ اداکارہ جوہی چاؤلہ ممبئی کی فضائی آلودگی سے اس قدر پریشان دکھائی دیں کہ انہوں نے کورونا کی وجہ سے لگنے والے لاک ڈاؤن کو بہتر قرار دے دیا۔

جوہی چاؤلا نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ممبئی کی ہوا کو کیا ہوگیا ہے، میں نے اپنی بالکونی میں چہل قدمی کرنا چاہی اور مجھے محسوس ہوا کہ میں مٹی اور صرف مٹی سانس سے اندر کھینچ رہی ہوں، شاید لاک ڈاؤن اتنا برا نہیں تھا مجھے یاد ہے ہوا ان دنوں کتنی فرحت بخش تھی۔

جوہی چاؤلا کے ٹوئٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی اداکارہ دیا مرزا نے بھی تشویش کا اظہار کیا۔

دیا مرزا نے ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ انتہائی برا ہے، کیا یہ تعمیرات کی وجہ سے اڑنے والی مٹی ہے، جلنے والا فضلہ، بھوسے کی راکھ یا اور کچھ؟۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ساحلی شہر ہونے کی وجہ سے اس سال کے آغاز سے ممبئی دہلی کے مقابلے میں بدترین ایئر کوالٹی انڈیکس کا شکار رہا، ایسا لگتا ہے کہ اب کچھ تبدیل نہیں ہو سکتا۔