نئی واٹس ایپ پالیسی: ٹیلیگرام کے صارفین میں ڈھائی کروڑ کا اضافہ

January 13, 2021

واٹس ایپ کی جانب سے پرائیویسی پالیسی میں تبدیلی کے اعلان کے بعد صارفین نے اس کا متبادلہ تلاش کرنا شروع کردیا ہے، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ صرف چند گھنٹوں کے دوران ایک اور میسیجنگ ایپلیکیشن ٹیلیگرام کے صارفین میں ڈھائی کروڑ کا اضافہ ہوگیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹیلیگرام کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق حالیہ اضافے کے بعد ایپلیکیشن کے فعال اکاؤنٹ رکھنے والے مجموعی صارفین کی تعداد پچاس کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔

میسیجنگ ایپلیکیشن کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق ڈھائی کروڑ نئے صارفین میں سے 38 فیصد کا تعلق ایشیا سے، 27 فیصد یورپ سے جب کہ 21 فیصد لاطینی امریکہ اور 8 فیصد نے مشرق وسطیٰ سے ایپ کو جوائن کیا ہے۔

ٹیلیگرام کے مطابق حالیہ اضافہ گزشتہ برس کے مقابلے میں خاصا زیادہ ہے۔

ایپ کمپنی کا کہنا ہے کہ اپنے سات سالہ عرصے میں ہم کئی مرتبہ استعمال میں ایسا اضافہ نوٹ کرچکے ہیں لیکن اس مرتبہ یہ کچھ الگ ہے۔