نیب نے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کیخلاف ریفرنس دائر دیا

January 14, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، این این آئی ) نیب نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کیخلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا سرکاری پلاٹس بیچنے کا الزام ، ندیم مانڈوی والا، اعجاز ہارون، عبدالغنی مجید ، طارق محمود بھی ملزمان نامزد ہوئے ہیں۔دوسری جانب ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے عدالت میں ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ میری خواہش تھی کہ نیب ریفرنس دائر کرے۔ سلیم مانڈی والا نے کہاکہ ریفرنس کا قانونی طور پر ڈٹ کر مقابلہ کرونگا، ریفرنس سے متعلق میں عدالت میں اپنا وقف پیش کرونگا۔ ۔ ذرائع کے مطابق بدھ کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، نیب نے سلیم مانڈوی والا کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کیس اور ریفرنس میں ملزم نامزد کر دیا ہے۔ سلیم مانڈوی والا پر سرکاری پلاٹس عبدالغنی مجید کو بیچنے کا الزام ہے، نیب کے مطابق انھوں نے سرکاری پلاٹس عبدالغنی مجیدکو بیچنے میں اعجاز ہارون کی سہولت کاری اور معاونت کی۔ نیب کے مطابق سلیم مانڈوی والا نے پلاٹس بیچ کر فرنٹ مین کے نام پر جعلی شیئر خریدے، اس ریفرنس میں ندیم مانڈوی والا، اعجاز ہارون، عبدالغنی مجید اور طارق محمود کو بھی ملزمان نامزد کیا گیا ہے۔