واضح کردیا ڈومیسٹک کرکٹ کی قدر کی جاتی رہے گی، چیف سلیکٹر

January 16, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی سی بی کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ دستے کا حصہ بننے والے تمام کھلاڑی کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے سے صرف ایک قدم دور ہیں۔ ان نو کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرکے مستقل جگہ بناسکیں۔ وہ جمعے کو ٹیم کے اعلان کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ اسکواڈ کو فائنل کرنے کے لئے انڈر پریشرپر فارمنس اور میچ وننگ پر فارمنس کا بھی جائزہ لیا گیا، کارکردگی کی بنیاد پر محمد عباس اور امام الحق کواسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، حسن علی نے ڈومیسٹک میں انجری کےباوجود کم بیک کیا اور اپنی بیٹنگ کو بھی بہتر کیا۔ سعود شکیل کی کارکردگی روز بروز بہتر ہورہی ہے جبکہ آغا سلمان کی پچھلےسال کی طرح اس سال بھی پر فارمنس اچھی رہی ، نعمان علی میں میچ وننگ صلاحیت موجود ہے۔ان کھلاڑیوں کی شمولیت سے پھر یہ واضح ہوگیا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانےوالے کھلاڑیوں کی قدر کی جاتی رہے گی۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرسکتے ہیں۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ جو کھلاڑی قومی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے، وہ پرعزم رہیں اور اپنی فارم اور فٹنس پر کام کرتے رہیں ۔