چوک کمہاراں والا میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، سامان ضبط

January 16, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) چوک کمہاراں والا میں تجاوزات کے خلاف گزشتہ روز گرینڈ آپریشن کیا گیا،اسسٹنٹ کمشنرسٹی عابدہ فرید نے آپریشن کی نگرانی کی۔اس موقع پر کارپوریشن،ایم ڈی اے اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ ٹیم نے تجاوزات کا صفایا کردیا اور پھول،فروٹ، جوس اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنیوالوں کا سامان، ڈیپ فریزر، ریڑھیاں، فرنیچر ضبط کر لیا گیا جب کہ فلائی اوور کے نیچے اور چوکوں کے اطراف میں سڑکوں پر قائم تمام عارضی تجاوزات ختم کر دی گئیں۔ اسسٹنٹ کمشنرزعابدہ فرید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات مافیا کو مزید رعایت نہیں دی جائے گی، تجاوزات مافیا سڑکوں پر قبضہ کرتا ہے اور کچرا بھی پھیلاتا ہے۔انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف نئی حکمت عملی وضع کر لی ہے،اب تجاوزات کی زد میں آنیوالے بازاروں اور چوکوں میں کیمپ لگائے جائیں گے، جب کہ سڑکوں پر دکان لگانے والوں کے خلاف اسی لمحے کارروائی کی جائے گی ،تجاوزات کے خلاف آپریشن میں خلل ڈالنے والوں کو 16ایم پی او کے تحت جیل بھیجا جائے گا۔ چوک کمہارانوالہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ایک ہفتہ مسلسل جاری رہے گا۔