گریجویٹ کتا

January 30, 2021

رافعہ قیصر، کراچی

بچو!کتے کی ذہانت کے تو آپ نے قصےسنے ہی ہوں گے لیکن یہ کبھی نہیں سنا ہوگا کہ دنیاکے کسی بھی ملک میںکتے کو اس کی ذہانت کی وجہ سے میٹرک کا سرٹیفکیٹ یا بی اے کی ڈگری ملی ہو ۔ لیکن امریکا کی ایک یونیورسٹی میں ایسا ہوا ہے۔ نیویارک کی ’’کلرکسن یونیورسٹی ‘‘ میںٹانگوں سے معذور ایک طالبہ بریٹنی داخل تھی جو آکیوپیشنل تھراپی میں گریجویشن کررہی تھی۔

وہ اپنے کتے ’’گریفن‘‘ کے ہم راہ روزانہ وہیل چیئرپر بیٹھ کر یا بیساکھی کے سہارے یونیورسٹی آتی تھی ۔ جب تک وہ کلاس میں پیریڈ اٹینڈ کرتی تو کتا بھی اس کی نشست کے ساتھ تمام وقت بیٹھا رہتا۔اساتذہ نے پہلے تو کلاس میں کتے کے بیٹھنے پر اعتراض کیا لیکن پھر وہ اس کے عادی ہوتے گئے۔ اس طرح اس نے سارے سیمسٹر اٹینڈ کیے۔ جب امتحان ہوئے تب بھی گریفن اس کے ساتھ ساتھ رہا۔ امتحان میں بریٹنی نے پوزیشن حاصل کی۔

چند ماہ قبل جب تقسیم اسناد کی تقریب کا انعقاد ہوا تب بھی کتا بریٹنی کے ساتھ آیا۔ منتظمین نے جب گریجویشن کی ڈگری دینے کے لیے لڑکی کا نام پکارا اور اسے اسٹیج پر آنے کی دعوت دی تو اس نے یہ کہہ کر اسٹیج پر آنے اور ڈگری لینے سے انکار کردیا کہ اس کے ساتھ اس کا کتا ، گریفن بھی اعزازی ڈگری کا حقدار ہے۔ اس نے مطالبہ کیا کہ کتے کو بھی اس کے ساتھ ڈگری دی جائے۔ اس کے پالتوکتے گریفن نے بھی اس کے ساتھ بیٹھ کر تمام کلاسیں اٹینڈ کیں، سارے سیمسٹر ز میں میرے ساتھ شریک رہا۔

اس نے میرے ساتھ دروس،اسائنمینٹس ، گروپ اسٹڈی، تحقیقی منصوبوں، حتیّٰ کہ طبی اور سماجی سرگرمیوں میں بھی شرکت کی۔ امتحانی ہال میں میرے ساتھ پرچے ختم ہونے تک بیٹھا رہتا تھا، اس لیے وہ بھی گریجویشن کی اعزازی ڈگری کا حقدار ہے۔ کلرکسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور یونیورسٹی بورڈ نے متفقہ طور سے فیصلہ کیا کہ بریٹنی کا مطالبہ جائز ہے، اس لیے اس کے ساتھ اس کے کتے گریفن کو بھی اعزازی ڈگری دی جائے۔ منتظمین نے طالبہ اور اس کے کتے کو اسٹیج پر بلایا۔ تقریب کےشرکاء نےدونوں کی اسٹیج پر آمد پرپُرجوش انداز میں تالیاں بجا کر استقبال کیا اورطالبہ کے ساتھ گریفن کوبھی ڈگری سے نوازا گیا۔

اس سے قبل اکتوبر2017میں جرمن پولیس کے ڈیوک نامی کتے کو یونیورسٹی کی جانب سے بی۔ایف کی ڈگری دی گئی تھی ۔یہ کتا ایک نابینا طالب علم کو روزانہ صبح کالج لے جاتا اور شام کو واپس لاتا تھا۔بچو، آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ اس کتے نے سات سال تک اپنی ڈیوٹی بلاناغہ انجام دی ۔ اس دوران سرکاری چھٹیوں کے علاوہ اس نے کبھی چھٹی نہیں کی۔اس فریضے کی بجاآوری کے صلے میں اسے بی۔ایف یعنی ’’بیچلر آف فیتھ فل نیس‘‘ کی ڈگری دی گئی۔اس طرح دنیا کی تاریخ میں پہلی باردو بے زبان جانور ڈگری لے کر ’’گریجوٹ کتے‘‘ بن گئے۔