لاہور اور گرد و نواح میں دھند کا راج، موٹروے بند اور پرواز کا شیڈول بھی متاثر

January 18, 2021

لاہور اور گر دونواح میں دھند کا راج ہے، دھند کے باعث موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند، موٹر وے ایم 3 لاہور سے درخانہ تک اور موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے شام کوٹ تک بند کردی گئی ہے، جبکہ ایئرپورٹ پر بھی پروازوں کا شیڈول متاثر ہے۔

پٹرولنگ پولیس کے مطابق دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ بھی بند کردی گئی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر چوہنگ، مانگا منڈی پھول نگر، پتوکی، حبیب آ باد، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ وطنی اور کسوال میں بھی شدید دھند چھائی ہے۔

انھوں نے کہا کہ دھند کے علاقوں میں حدِنگاہ 50 میٹر ہے روڈ یوزرز گاڑیوں پر فوگ لائٹس استعمال کریں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور معلومات کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔

ادھر دھند کے باعث لاہور ائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے، پی آئی اے کی مدینہ جانے والی پرواز کو روک لیا گیا جبکہ لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 307 منسوخ کردی گئی ہے۔

لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں بھی دھند چھا گئی ہے، گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، ٹاؤن شپ اور دیگر علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں۔